کے ایم ڈی سی کے اساتذہ 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

408

کراچی ( رپورٹ: محمدانور ) بلدیہ عظمیٰ کے واحد کراچی میڈیکل ڈینٹل کالج کراچی پروفیسر اسسٹنٹ پروفیسر سمیت دیگر اکیڈمک اساتذہ کو گزشتہ 3 ماہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے بے چینی پائی جاتی ہے گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کو بھی کئی مہینے کی تنخواہ تاحال نہیں مل سکی جس پر متاثرین مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ کے ایم ڈی سی کے ذرائع کے مطابق کالج کے اساتذہ کو ماہ ستمبر کی تنخواہ جنوری کے شروع میں مل سکی ہے جبکہ اکتوبر نومبر اور دسمبر کی تنخواہیں نہیں مل سکیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر ماہ صرف تین کروڑ روپے گرانٹ کالج کو دیا کرتی ہے جو اس ماہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اپنے مالی بحران کی وجہ سے نہیں مل سکی ہے ۔ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ اس کے لیے یکمشت کم ازکم پندرہ کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ دی جائے تاکہ کالج کا بحران ختم ہو سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی تنخواہوں کے معاملے پر کسی قسم کی توجہ نہیں دے رہے اور نہ ہی انہیں کالج کے دیگر امور پر توجہ دینے کی فرصت ہے۔ خیال رہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو دو علیحدہ علیحدہ حصوں میں تبدیل کرکے کالج کے میڈیکل اور ڈینٹل کے شعبے کر دیے گئے ہیں اس کی وجہ سے کالج کے مالی اور انتظامی اخراجات میں اضافے کے سوا کچھ اور نہیں ہوسکا۔