شریف خاندان کو تاخیر سے ادائیگی پر ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس بھیجا، ایف بی آر

168

اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ میں شریف خاندان کے ویلتھ ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر ایف بی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ شریف خاندان نے ویلتھ ٹیکس کی ادائیگی تاخیر سے کی جس پر ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا، شریف خاندان نے ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3
رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ایف بی آر نے ٹیکس نوٹس 1997ء میں دیا، ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس 2002ء میں دیا گیا، ایف بی آر 5 سال تک کیوں بیٹھا رہا؟ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ ویلتھ ٹیکس کیخلاف شریف خاندان کی اپیلوں پر کیا فیصلہ ہوا؟ ہو سکتا ہے ویلتھ ٹیکس کیخلاف اپیلیں ٹیکس اپیلٹ اتھارٹی نے منظور کرلی ہوں، لاہور ہائیکورٹ میں رٹ تو ایڈیشنل ٹیکس پر دائر کی گئی تھی۔ ایف بی آر کے وکیل نے اس موقع پر کہا کہ عدالت ایف بی آر سے نئی ہدایات لینے کیلیے وقت دے۔ جس پر عدالت عظمی نے ہدایات لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ ویلتھ ٹیکس کیخلاف شریف خاندان کی اپیلوں پر کیا ہوا۔ معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کر دی گئی۔