بھارتی یوم جمہوریہ پر کشمیر میں غیر اعلانیہ کرفیو ۔ وادی مکمل ہڑتال کا اعلان ، دنیا بھر میں یوم سیاہ ہوگا

380

 

سری نگر(اے پی پی)بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کے دیگر مقامات پر چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں مسافروں اور راہگیروں کو روک کر انکی جامہ تلاشی لی جاتی ہے ۔بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرائی کی جا رہی ہے۔سرینگرمیں سونہ وارکرکٹ سٹیڈیم میں
(آج) منگل کو سرکاری تقریب منعقد ہو گی کے گرد سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے گئے اور سٹیڈیم کو سخت سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے۔سرینگر شہر کے تمام داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے ۔فورسز اہلکار سراغرساں کتوں کے ہمراہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے بھی گشت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ سرینگر کو دیگر اضلاع سے ملانے والے مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہر میں قائم موبائل بنکروں پر بھی سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کیا گیا ہے جہاں سے لوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ بٹہ مالو، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، گھنٹہ گھر، جہانگیرچوک،وزیر باغ، راجباغ، ڈلگیٹ، شہید گنج ، زیرو برج سمیت درجنوں علاقوں میں بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے راہ گیروںاورگاڑیوں کی جامہ تلاشیاں لے رہے ہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں یاسمین راجہ ،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں اپنے بیانات کشمیریوں سے بھارتی یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طور پر منانے اور تمام سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے وادی کے مختلف مقامات میں چسپاں پوسٹروں کے ذریعے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں ، دکانوں اور کھمبوں پر سیاہ جھنڈے لہرا کرعالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیں کہ بھارت ایک جمہوری ملک نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقو ق سلب کر رکھے ہیں۔ تحریک استقلال کے نائب چیئرمین مشتاق احمد بٹ اور جنرل سیکریٹری عبدالحمید نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کو جموںوکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اوراسے اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پوری دنیا کے کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے اور دنیا کی توجہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کی جانب مبذول کرانے کے ساتھ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کریں گے ۔یوم سیاہ منانے کی اپیل آل پارٹیز حریت کانفرنس ، میر واعظ کی زیرقیادت حریت فورم اور دیگر حریت تنظیموں نے دی ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہو گی ۔ تمام کاروباری مراکز ، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ آزادکشمیر ، پاکستان اور عالمی دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیاں نکالی جائیں گی