پہلا ٹیسٹ : سیکورٹی انتہائی سخت ، پولیس کا آپریشن ، 200 سے زاید زیر حراست

300

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے جنوبی افریقی کر کٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،میچ کے لیے سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے، دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی جانب سے شہر بھر میں مڈنائٹ آپریشن کرکے 200 سے زاید افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی، ائر پورٹ، روٹ، پریکٹس گراؤنڈز، ہوٹلز اور دیگر
مقاما ت پرکراچی پولیس کے 5000 اہلکار بشمول ایس ایس یو کے 1050 کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں، اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان صورتحال کی نگرانی کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود ہوگی، اسٹیڈیم اورروٹس کے ملحقہ علاقوں میں ماہر نشانہ باز کوتعینات کیا گیا ہے جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزپر مشتمل ٹیم اسٹیڈیم کے اندراورباہر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعینات کی جائے گی، عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے مرکزی شاہراہ کو میچ ٹائمنگ کے دوران بند کیا جائے گا۔دوسری جانب شہرقائد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع اور جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم سے ٹیسٹ سے قبل پولیس کی جانب سے شہر بھر میں مڈنائٹ آپریشن کیاگیا، ہوٹلوں ، مسافر خانو ں کی سرچنگ کی گئی ناکہ، چھاپے اور محاصروں کے دوران 200سے زاید افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے۔ جوہر موڑ کے قریب رہائشی عمارت سے جدید اسلحہ، چوری اور چھینی گئی 25 موٹر سائیکلیں اور 4 کاریں بر آمد کرلی گئی ہیں، ملیر،کینٹ اسٹیشن ، سولجر بازار ، پٹیل پاڑا ،کٹی پہاڑی گڈاپ، نیپئراور محمود آباد کی کچی آبادیوں میں بھی پولیس اور رینجرز کی جانب سے کومبنگ آپریشن کیا گیا۔ پولیس آپریشن کے دوران ملزم فرحان عرف ہڑا ہڑی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی۔ کٹی پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان جمعہ رحیم ولد حکم خان اوراسلم ولد امان اللہ کو گرفتار کر کے ایک رائفل سیون ایم ایم،ایک نائن ایم ایم پسٹل ایک ریوالوراور164 راو نڈ 200 گرام چرس اور نقد رقم برآمد کرلی گئی ۔