سندھ حکومت کا بارش سے متاثرہ افراد کو امدادی رقم دینے کا فیصلہ

410

کراچی: سندھ کابینہ نے حالیہ بارش کے متاثرین کے لیے امدادی رقم کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی  کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیر اور چیف سیکریٹری شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران کابینہ نے بارش کے متاثرین کے لیے 4 ارب 2 کروڑ 11 لاکھ 5 ہزار روپے امداد کی منظوری دے دی۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برسات کے متاثرین کو رقم موبائل بینکنگ کے ذریعہ دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے رقم کی ادائیگی کے لیے 3 اراکین پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کردی۔

رقم کی ادائیگی کمیٹی میں سینئر ممبر بورڈ آف روینو، سیکریٹری فنانس اور سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن شامل ہوں گے۔

کمیٹی موبائل بینکنگ کے ساتھ گفت و شنید کر کے رقم تقسیم کرنے کا کام سونپے گی۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے محکمہ ریوینو کو 15 دن میں رقم ادائیگی شروع کرنے کی ہدایت کردی۔