پاک جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز کیلیے ٹرافی کی رونمائی

373

پاکستان  اور جنوبی افریقا کے مابین ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔

قومی کپتان بابر اعظم اور جنوبی افریقہ کپتان ڈی کوک نے ٹرافی کی رونمائی کی۔تقریب رونمائی میں کورونا ایس او پیز کا خیال بھی رکھا گیا۔دونوں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنائیں اور سیریز میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ۔ تیرہ سال سے زائد عرصہ بعد دونوں ٹیمیں  پاکستان کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان کی قیادت مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم اور جنوبی افریقہ کی کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں۔

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز چھبیس جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ اس موقع پر پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد کسی ٹاپ رینک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا پوری قوم کے لیے ایک خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل واپسی پاکستان میں کرکٹ کی مزید ترقی اور فروغ کا سبب بنے گی۔

آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم سے جڑی اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ 2007 میں انہیں نیا قومی ریکارڈ بنانے کے لیے مزید 18 رنز درکار تھے مگر وہ صرف تین رنز کی کمی سے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے، شائید قسمت کو یہی منظور تھا کہ جاوید میانداد کا نام اس ریکارڈ لسٹ میں ان سے اوپر رہے کیونکہ جاوید میانداد ان کے ہیرو تھے، انہوں نے جاوید میانداد سے بہت کرکٹ سیکھی۔

دوسری جانب نیشنل اسیڈیم کے اطراف سڑکوں کی بندش سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نیپا سے جیل چورنگی آنے والے ٹریک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

نیپا سے جیل چورنگی آنے والے ٹریک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں کراچی ٹریفک پولیس کی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈالمیا روڈ کا راشد منہاس جانے والا ٹریک بھی  بند ہے، کارساز کے دونوں روڈ پر ٹریفک بحال ہے،دونوں ٹریک پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔