فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، وزیراعظم

401

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ براڈشیٹ معاملے پر پروپیگنڈا کرکے حقائق چھپا لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وزراء اورحکومتی ترجمان شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور حکومتی بیانیہ سے متعلق مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں براڈ شیٹ، فارن فنڈنگ کیس اور قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری زمینوں پرقبضہ کرنیوالوں کو ن لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، سیاسی سرپرستی کے بغیرکوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم نے قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی قرار دیا جارہا ہے، حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔

فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکیہیں، الیکشن کمیشن میں ہمارا موقف درست ثابت ہوا۔ براڈشیٹ سے متعلق انھوں نے کہا کہ براڈشیٹ معاملے کی شفاف ،منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کوسامنے لائیں گے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پراپیگنڈا کرکے حقائق چھپا لیں گے۔