حکومت مذاکرات کے لیے رابطے کررہی ہے لیکن اسے این آر او نہیں دیں گے،مریم نواز

348
اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کو اب این آر او نہیں ملے گا، حکومت کی نالائقی اور نااہلی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں پارلیمانی پارٹی کے لیے میاں نواز شریف کا خاص پیغام لائی ہوں، جو یہ ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی، اپوزیشن کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مناسب وقت پر پارلیمنٹ سے استعفوں کا آپشن استعمال کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، آج ملک میں عوام کا برا حال ہے، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں کہاں پہنچ چکی ہیں، جو حال آج ملک کا ہے وہ آپ کے سامنے ہے، میڈیا کو بھی پریشر میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے رابطے کر رہی ہے بلکہ اپوزیشن کی منتیں کررہی ہے لیکن اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ کوئی بات نہیں کرنی اور این آر او نہیں دیں گے، اپوزیشن کی یہ منتیں کرنے آئے تھے لیکن اب اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی، مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے ارکان سے جتنے بھی رابطے کریں انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔