جے پور: 32 سالہ خاتون کا 31 واں کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

358

جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جے پور سے تعلق رکھنے والی خاتون کے اگست سے اب تک 31 بار کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور حیران کن طور پر 5 ماہ کے دوران 31 بار ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والی خاتون کا 5 ماہ میں 31 بار کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایک بار رپورٹ مثبت آئے تو 15 دن یا زیادہ سے زیادہ ایک ماہ بعد اس کا نتیجہ منفی آجاتا ہے۔

بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جے پور سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ خاتون نے اگست سے جنوری کی 20 تاریخ تک کورونا تشخیص کے 31 بار ٹیسٹ کروائے اور رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ خاتون میں کورونا وائرس  کی کوئی علامت بھی موجود نہیں ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق خاتون کے 14 بار پی سی آر اور 17 بار اینٹی جن ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن کی رپورٹس میں انہیں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ کہا جارہا ہےکہ  مذکورہ خاتون کا دماغی توازن درست نہیں جس کی وجہ سے اُن کی دیکھ بھال اہل خانہ یا کوئی رشتے دار نہیں کررہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق  خاتون گزشتہ پانچ ماہ سے مسلسل قرنطینہ میں ہیں اور انہیں یکم ستمبر 2020 کو ایک سماجی تنظیم کے سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ راجستھان کے محکمہ صحت کے افسر ڈاکٹر کپتان سنگھ کا کہنا تھا کہ علامات نہ ہونے کے باوجود خاتون کو وائرس کی تشخیص ہونا اس بات کی علامت ہے کہ اُن کی آنتوں میں وائرس پہنچ چکا ہے جو غیر فعال ہے۔

واضح رہے ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ 32 سالہ خاتون مکمل صحت مند ہیں اور اُن میں موجود کورونا وائرس اب دوسروں کو متاثر نہیں کرسکتا۔