رپورٹ: ملک میں ریفریجریٹرز کی تیاری میں اضافہ

331

اسلام آباد: ملک میں ریفریجریٹروں کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈیپ فریزرز کی پیداوارمیں 2342 وینٹس کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے نومبر2020 تک کی مدت میں ملک میں ریفریجریٹروں کی پیداوارمیں ماہانہ بنیادوں پر81.74 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر23.57 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیاہےجبکہ ڈیپ فریزرز کی پیداوارمیں ماہانہ بنیادوں پر46.61 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر5.05 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیورو کےاعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر نومبر2020 تک کی مدت میں ملک میں 482,696 یونٹس ریفریجریٹروں کی مینوفیکچرنگ ریکارڈکی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 390,634 یونٹس ریفریجریٹروں کی پیداوار ہوئی تھی۔

اعداد و شمارکے مطابق نومبر2020 میں ملک میں 104,262یونٹس ریفریجریٹروں کی پیداوار ہوئی جبکہ نومبر2019 میں ملک میں 57,368 یونٹس ریفریجریٹروں کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔

دوسری جانب اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکرنومبر2020 تک کی مدت میں ملک میں 49,970 یونٹس ڈیپ فریزرز کی پیداوار ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 52,626 یونٹس ڈیپ فریزرزکی پیداوارحاصل ہوئی تھی البتہ نومبر 2020 میں ملک میں 2,683 یونٹس ڈیپ فریزرز کی پیداوارحاصل ہوئی اور نومبر2019 میں ملک میں 5,025 یونٹس ڈیپ فریزر کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔

واضح رہے جاری مالی سال میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر7.41 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر14.46 فیصد کا اضافہ ہواہے۔