حکومت سوشل میڈیا رولز میں نظرثانی کرنے کو تیار

322

حکومت سوشل میڈیا رولز میں نظرثانی کرنے کو تیار ہے، اٹارنی جنرل خالد جاوید نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا رولز کیخلاف کیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تو   ، اٹارنی جنرل خالد جاوید نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سوشل میڈیا رولز میں نظرثانی کرنے کو تیار ہےیہ رولز حرف آخر نہیں، اسٹیک ہولڈرز تجاویز دے سکتے ہیں جب کہ پی ٹی اے اور اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ہے۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ لگ رہا ہے پی ٹی اے نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی، مشاورت کی جائے تاکہ کوئی ابہام ہی نہ رہے۔

اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کروں گا، عدالتی معاونت کیلئے وقت دیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر سننا مناسب تجویز ہے، اٹارنی جنرل رپورٹ پیش کریں گے تو بہتر چیز سامنے آئے گی، اٹارنی جنرل نے کہہ دیا اسٹیک ہولڈرز کو سننے کیلئے تیار ہیں۔سوشل میڈیا رولز سے متعلق کیس کی سماعت 4 ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔