دین بیزار حکمرانوں نے ہرادارہ تباہ کردیا،محمد حسین محنتی

285

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، اقتدار، عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد اور الخدمت کے ذریعے فلاحی کاموں کا اصل مقصد اللہ کی رضا اور دنیا وآخرت میں کامیابی کا حصول ہے، دین بیزار قیادت نے ہر ادارہ تباہ اور عوام کو مہنگائی ،بیروزگاری وکرپشن کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، جماعت کی دعوت کو آگے بڑھانے کیلئے تمام ذمہ داران وقت نکالیں اس کا اجر اللہ کے ہاں ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں زوم پر خیرپور،جامشورو،شہداد کوٹ اضلاع کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب قیم محمد مسلم،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور شعبہ تنظیم کے زاہد حسین راجپر بھی موجود تھے جبکہ ضلعی امراء نے کارکردگی رپورٹ اور آئندہ کی دعوتی وتنظیمی سرگرمیوں کے منصوبہ عمل سے آگاہ کیا۔محمد حسین محنتی نے ذمے داران پر زور دیا کہ وہ تعلق بااللہ مضبوط اور انفاق فی سبیل اللہ ،وقت اور مال کی قربانی کا آغاز اپنی ذات سے کریں، اللہ تعالیٰ سے بندوں کا تعلق کمزور اور دنیا کی چمک دمک اور دنیاداری میں زیادہ توجہ ہونے کی وجہ سے آج معاشرے میں ہر طرف بے برکتی وناشکری ہے، اللہ کی راہ میں کھڑے رہنا اور اس کی نوکری بہت بڑا کام ہے۔