موجودہ حکومت میں وطن عزیز مشکل صورتحال میں پھنس گیا، جاوید قصوری

267

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت میں وطن عزیز پاکستان مشکل صورتحال میں پھنس چکا ہے۔معاشی حالات بہت خراب ہو چکے ہیں اور ملک ہے مسائلستان بن چکا ہے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی 22کروڑ عوام کے لیے عذاب بن چکی ہے۔ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے صرف اور صرف جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ فرسودہ نظام کا خاتمہ ہمارا اولین ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے۔ ہمارے پاس متبادل نظام ہے جو قرآن و سنت ہے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والا ملک میں انگریزوں کا نظام ہی چل رہا ہے۔ قوم نے انگریزوں سے آزادی تو حاصل کرلی مگر آج تک ذہنی غلامی سے نجات نہ حاصل کرسکی۔ جوبھی حکومت برسر اقتدار آئی اس نے عوام کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کے بارے میں سوچا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے لوگوں کی امیدیں تھیں مگر اس نے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے نظام معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لیے تیار نہیں۔ وزیر اعظم کی اپنی ٹیم کرپٹ افراد پر مشتمل ہے۔ احتساب کا نظام متنازع ہوچکا ہے۔ پاناما لیکس کیس میں بے نقاب ہونے والے باقی 436 پاکستانیوں کیخلاف کب کارروائی کی جائے گی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزردوچار ہے۔ تاریخ کے نااہل ترین افراد کے ہاتھوں میں ملک کی باگ ڈور آچکی ہے۔ ہر ادارہ تباہی اور بربادی کا منظر پیش کررہا ہے۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا کرپشن کیسز کے خاتمے کے سوا کچھ نہیں۔ عوام کو ان تمام لوگوں کی حقیقت معلوم ہوچکی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، نائب امراء سردار ظفر حسین خان، ذکر اللہ مجاہد، نصر اللہ گورائیہ، محبوب الزمان بٹ، رحمت اللہ وٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔