پاکستان کپ ، روحیل نذیر کی شاندار اننگز ، ناردرن 6 وکٹوں سے فتحیاب

371

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) پاکستان کپ کے نویں رائونڈ میں روحیل نذیر کی 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی وجہ سے ناردرن نے بلوچستا ن کو 6وکٹوں سے ہرادیا جبکہ فخر زمان، افتخار احمد اور عادل امین کی نصف سنچریوں کی بدولت خیبر پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو 69 رنز سے شکست دے دی، اسی طرح سعد علی اور انور علی کی چھٹی وکٹ کی 145 رنز کی شراکت نے سندھ کو سدرن پنجاب کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی دلوادی۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو6وکٹوں سے ہرادیا، ناردرن نے 250رنز کا ہدف46.4اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،روحیل نذیر نے 69رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز ہی بناسکی،ایاز تصور82رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،اکبر الرحمان نے 75 رنز بنائے،اطہر محمود اور وقاص احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو 69 رنز سے شکست دے دی،خیبر پختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان، افتخار احمد اور عادل امین کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے،فخر زمان نے 92 رنز کی اننگز کھیلی، افتخار احمد نے 76 اور عادل امین نے 51 رنز بنائے ۔جواب میں سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 259 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،قاسم اکرم نے 67 اور رضا علی ڈار نے 50 رنز بنائے۔شاندار آلرائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے ہرادیا، سندھ نے 349 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،سعد علی 78 اور انور علی 69 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 145 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی،دانش عزیز نے 65 اور اسد شفیق نے 62 رنز بنائے،محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے،صہیب مقصود اور شان مسعود کی سنچریاں رائیگاں گئیں،صہیب مقصود نے 130رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،شان مسعود نے 125رنز بنائے،سندھ کے محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں،سندھ کے کپتان انور علی اور سعد علی کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔