قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، مصباح الحق

447

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، تاہم ناقص کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر اب آگے کی طرف نظریں ہیں، ٹیم مینجمنٹ میں اختلافات اور مجھے سائیڈ لائن لگانے کی باتوں میں صداقت نہیں، کپتان اور ٹیم مینجمنٹ ایک پیج پر ہیں،بابر اعظم بطور کپتان بھی بہتر ثابت ہوسکتے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ان کی کپتانی میں نکھار آئے گا، ہر کھلاڑی کو اس کا کردار دیا جائے گا۔اتوار کوورچوئل پریس کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کاردگی اچھی نہیں تھی، بالخصوص نیوزی لینڈ کیخلاف فیلڈنگ نے مایوس کیا، میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، تاہم ناقص کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر اب آگے کی طرف نظریں ہیں۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میری تمام تر توجہ سیریز پر ہے جس کیلئے بھرپورتیاریاں کر رہے ہیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط ہے تاہم اس کے خلاف بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، 4روز سے پریکٹس سیشن کر رہے ہیں، فیلڈنگ پر خاص توجہ دی ہے۔ کراچی کی وکٹ کوئی مختلف نہیں ہوگی، پورے سیزن کی طرح روایتی وکٹ ہوگی، ہمیں وکٹ کی اصلیت کا علم ہے، مہمان ٹیم بھی کرکٹ کا حال جانتی ہے، دونوں ٹیمیں وکٹ کو دیکھ کر ہی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ میں اختلافات اور مجھے سائیڈ لائن لگانے کی باتوں میں صداقت نہیں، کپتان اور ٹیم مینجمنٹ ایک پیج پر ہیں، ہر فیصلہ باہمی اتفاق سے کرتے ہیں، تجزیہ اور بحث کے بعد ہی فیصلے کیے جاتے ہیں، باہمی مشاورت سے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔