پاک جنوبی افریقا پہلا ٹیسٹ ، قومی ٹیم کا اعلان

492
کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اورجنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیمیں کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں تیاریوں میں مصروف ہیں

 

کراچی (سید وزیر علی قادری)شائقین کی نظریں نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر مرکوز ہوگئیں۔ بغیر تماشائی خالی پویلین میں کل سے شروع ہونے والے جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے سیلیکٹرز نے 17رکنی قومی ٹیم کا اعلان بھی کردیا ۔ قومی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 20 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل باقی تینوں کرکٹرز قومی اسکواڈ کے ہمراہ ہی نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اب ہیڈ کوچ کی مشاورت سے میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے۔ 17 کھلاڑیوں پر مشتمل کھلاڑیوں میں اوپنرز عابد علی (سینٹرل پنجاب)اور عمران بٹ (بلوچستان)، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی (سینٹرل پنجاب)، بابر اعظم (کپتان، سینٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)اور سعود شکیل (سندھ)، آل رائونڈرز فہیم اشرف ( سینٹرل پنجاب)اور محمد نواز (ناردرن)، وکٹ کیپرز محمد رضوان(نائب کپتان، خیبر پختونخوا)اور سرفراز احمد (سندھ)، اسپنرز نعمان علی (ناردرن)، ساجد خان (خیبر پختونخوا)اور یاسر شاہ (بلوچستان)، فاسٹ بولرز حارث رئوف (ناردرن)، حسن علی (سینٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (خیبر پختونخوا)اور تابش خان(سندھ) کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ نے اتوار کو بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی بھرپور پریکٹس اور ٹریننگ سیشن کیا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ میں مہارت کو مزید بہتر بنانے کے لئے مسلسل بیٹنگ پریکٹس کی جبکہ بولنگ میں لائن، لینتھ اور اسپیڈ کو برقرار رکھنے کے کئے قومی ٹیم کے بولرز نے بھی خوب پریکٹس کی۔ اسی طرح کیچ اور فیلڈنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں تمام کھلاڑیوں نے کافی محنت کی اور ڈرلز پر بھی توجہ دی۔ کھلاڑیوں نے سلیپ اور کلوز فیلڈنگ پوزیشن پر کیچنگ کے معیار کو بھی بہتر بنانے کے لئے کوششیں کیں۔ بیٹسمین اوپنرز عابد علی، عمران بٹ،، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی، کپتان بابر اعظم، فواد عالم ، سعود شکیل، آل رائونڈرز فہیم اشرف، محمد نواز اور دیگر نے بھی نیٹ پریکٹس کی، اسپن بولنگ کوچ لیجنڈ ثقلین مشتاق نے یاسر شاہ کو فارم میں واپس لانے کے لئے خوب پریکٹس کروائی جبکہ اسپنرز نعمان علی، ساجد خان نے بھی پریکٹس سیشن بھرپور محنت کی۔ اپنی اسپیڈ اور لائن کو برقرار رکھنے کے لئے شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر فاسٹ بولرز حارث رئوف، حسن علی اور تابش خان نے دونوں نئی اور پرانی گیند سے بولنگ پریکٹس کی۔ وکٹ کیپنگ کے معیار میں بہتری لانے کے لئے وکٹ کیپرز محمد رضوان اور سرفراز احمد نے ایک دوسرے کو ایجز پر کیچ کرنے کی پریکٹس کروائی۔ جنو بی افریقا کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی نیٹ پر پریکٹس کی بالخصوص ان کے تیز بولرز نے نیٹ پر تیز بولنگ کرنے کا سیشن کیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل منگل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔