کراچی میں سردی لوٹ آئی ،دھند سے موٹر وے بند پہاڑوں پر برفباری

247

کراچی ‘اسلام آ باد ‘کوئٹہ(خبر ایجنسیاں +مانیٹر نگ ڈ یسک )کراچی میں پھر سے سردی لوٹ آ ئی ‘ پنجاب میں دھند کے باعث موٹروے بند جب کہ برفباری کے بعد سیاحوں نے پہاڑوں کا رخ کر لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیاہے، بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی، موٹروے مختلف مقامات پر بند رہی۔بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری نے ٹھنڈ کی شدت بڑھا دی۔ سوات، لوئر دیر، وادی لیپہ، چلاس، دیامر اور نیلم میں برفباری ہوئی جبکہ مظفر آباد، مانسہرہ، سیدو شریف میں بارش ہوئی۔مری میں 24 گھنٹے کے دوران 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی اور ملک بھر سے سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کر لیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ایک روز میں 35 ہزار سے زاید گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث پولیس نے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی جبکہ ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بھی خبردار کر دیاہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 7 ڈگری تک گرنے کی پیشگوئی کر دی گئی جب کہ اتوار کی شب ہی سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہا۔ موٹروے کو ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کر دیا گیا جبکہ قومی شاہراہ پر لاہور، قصور، مانگا منڈی سمیت کئی مقام پر حد نگاہ 100 میٹر تک رہ گئی۔ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ انٹرچینج تک ٹریفک کو بند کر دیا گیا تاہم پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔ادھربلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے ، صوبے کے سردترین علاقے زیارت میں درجہ حرارت منفی 8جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 5ریکارڈ کیا گیا ۔ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع صاف موسم خشک اور شد ید ہے جبکہ وادی میں ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون بلو چستان بھی بیشتر علاقوں میں مطلع صاف، موسم خشک اور سرد ہے جبکہ صوبے کے شمال مغربی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے ۔ گزشتہ روز ضلع زیارت میں منفی 8، کوئٹہ اور ضلع قلات میں درجہ حرارت منفی 5، پشین منفی 5 اور مستونگ میں منفی 4 سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔