نیشنل لیبر فیڈریشن کے پاکستان اسٹیل کی نجکاری کے خلاف مظاہرے

177

 

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الر حمن سواتی کی اپیل پر پاکستان اسٹیل اور ملک کے دیگر قومی ادروں کی نجکاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے ، جس میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا ، اسلام آباد میں ہو نے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کی، اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب کے صدر راجہ عاشق خان، سمیع اللہ خان ، خاور قریشی ، یعقوب خان ، سردار ریاست ، سید تنویر کاظمی ، سید مبارک شاہ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شمس الر حمن سواتی نے کہا کہ پاکستان اسٹیل قومی معیشت میں اہمیت کا حامل ادارہ ہے ، فولاد سازی کی صنعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس کی نجکاری پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہوگی۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نجکاری مزدور مسائل اور مزدوروں پر ہونے والے ظلم کے خلاف تمام ٹریڈ یونین اور فیڈریشنز کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر نے کے لیے متحد کیا جا ئے گا اور مزدور مسائل پر ایک چارٹر حکو مت کو پیش کیا جائے گا۔ ہم تمام ٹریڈ یونینز اور مزدور فیڈریشنز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نجکاری اور مزدوروں کی حالت زار کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے متحد ہوجائیں۔
نیشنل لیبر فیڈڑیشن سندھ کی حمایت
نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ، انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ ، حیدرآباد زون کے سیکرٹری اعجاز حسین اور دیگر رہنمائوں نے مرکزی مجلس عاملہ NLF پاکستان کے فیصلے کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے محنت کشوں کی احتجاجی تحریک اور دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں پاکستان اسٹیل کو مال مفت دل بے رحم سمجھتے ہوئے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹیل عرصہ دراز سے بندش کا شکار ہے۔ جس کے نتیجے میں ایک جانب ملک کی معیشت کو شدید دھچکا لگ رہا ہے تو دوسری جانب ہزاروں محنت کش اپنے مستقبل سے مایوسی کا شکار ہیں۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملازمین کے ہر احتجاجی تحریک میں نیشنل لیبر فیڈریشن ان کے ساتھ ہے اور پاسلو کے صدر عاصم بھٹی ، جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول اور دیگر رہنمائوں کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے اور احتجاجی دھرنے کی بھر پور حمایت کرتی ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ماضی میں NLFسے وابستہ پاسلو یونین CBAتھی اس دور میں آزمائشی پیداوار کے باوجود پاکستان اسٹیل خسارے سے دو چار نہیں تھا لیکن گزشتہ ادوار میں سیاسی بھرتیوں نے اس ادارے کو تباہی کی دہانے پر پہنچادیا ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ محنت کشوں کی اس طرح سے برطرفی قانون کے خلاف ہے کسی بھی محنت کش کو برطرف کیا جانا اس کا معاشی قتل ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ قبضہ مافیا نے اسٹیل مل کی ہزاروں ایکڑ قیمتی اراضی پر نظریں جمع کر رکھی ہیں۔
NLF کے پی کے کی حمایت
نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبائی صدر طلا محمد کی قیادت میں پریس کلب پشاور کے سامنے پاکستان اسٹیل کی نجکاری اور نکالے گیے 4544 ملازمین کی بحالی کے حق میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے میں فیڈریشن کے صوبائی سیکرٹری فلک تاج کے علاوہ ملحقہ یونینز نمائندگان و کارکنان جن میں ریلوے پریم یونین پشاور ڈویژن کے صدر مہر علی ہوتی، داود رحمان، انور علی، فضل اکبر، نیو یونائیٹڈ ایمپلائز پیغام یونین پسکو کے صاحب شاہ اور حیات آباد انڈسٹریل زون کے قیوم خان اور ولی محمد شامل تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھاے ہوئے تھے جس پر پاکستان سٹیل کی بحالی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کی۔
مختلف شہروں میں مظاہرے
نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی کی اپیل پر 22 جنوری کو ملک میں پاکستان اسٹیل کے برطرف 4544 ملازمین کی بحالی اور حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت شمس الرحمن سواتی نے کی۔ اُن کے ہمراہ عاشق خان صوبائی صدر این ایل ایف (شمالی ریجن) این ایل ایف راولپنڈی کے اصغر خان، ایوب خان پاکستان اسٹیل کے خاور قریشی، آئیسکو لیبر یونٹی تنویر حسین شاہ، مبارک شاہ، PTCL کے ضیاء عباسی نے مظاہرے سے خطاب کیا۔
٭لاہور میں مظاہرے کی قیادت امین منہاس، صوبائی صدر این ایل ایف وسطی ریجن پنجاب نے کی۔ این ایل ایف لاہور کے صدر عدنان ملک، پرینٹنگ کارپوریشن کے عتیق و دیگر یونینز کے عہدیداران نے خطاب کیا۔
٭سیالکوٹ میں مظاہرے کی قیادت این ایل ایف گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر فرہاد حسین شاہ نے کی۔ مظاہرے سے این ایل ایف کے دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا۔
٭ڈیرہ غازی خان میں مظاہرے کی قیادت جنوبی پنجاب ریجن کے صدر مرزا محمد عیسیٰ نے کی۔ مظاہرے میں صوبائی جنرل سیکرٹری این ایل ایف حسنین فراز، طاہر طیب و دیگر عہدیداران نے خطاب کیا۔
٭ملتان میں مظاہرے کی قیادت این ایل ایف ملتان کے صدر شاہ ولی راجپوت، لیبر ونگ کے صدر حافظ عبدالرحمن قریشی، این ایل ایف کے جنرل سیکرٹری مجاہدیا شاہ نے کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ملتان کے امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔