پریم یونین کی وزیر ریلوے سے ملاقات

205

ریلوے پریم یونین کے وفدنے حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی سے ملاقات کی اور انہیں ریلوے ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور، مرکزی جنرل سیکرٹری خیر محمد تونیو، آرگنائزر تبریز عباسی اور دیگر مرکزی رہنما شریک تھے۔ وفاقی وزیر نے پریم یونین کے مطالبہ پر پہلے مرحلہ میں فوری طور پر ریلوے ملازمین کا اوور ٹائم بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ پریم یونین کے وفد نے وفاقی وزیر کو ریلوے ملازمین کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں پریم یونین کا چارٹر آف ڈیمانڈ اور ریلوے کے نظام کو بہتر اور منافع بخش بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کی۔ اعظم سواتی نے پریم یونین کے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ملازمین کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے ملازمین ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ پریم یونین کے رہنمائوں نے ریلوے ملازمین کا اوور ٹائم بحال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر ملازمین کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کر دار ادا کیا۔ اس مستحسن فیصلہ سے ملازمین اور انتظامیہ کے مابین خیر سگالی کا جذبہ پروان چڑھے گا اور دو طرفہ اعتماد کو استحکام حاصل ہوگا۔ ریلوے ملازمین نے مشکل حالات میں ادارے کو تنزلی سے نکالنے کیلئے شب و روز انتھک محنت کی ۔ وفاقی وزیر ریلوے کی طرف سے کارکنوں کی محنت کا اعتراف خوش آئند ہے ۔