سندھ یونین آف جرنلسٹس کی تقریب حلف برداری

164

 

ایس یو جے صحافیوں کی صحیح خدمت گار تنظیم ہے اور میں اس تنظیم کی کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں یہ بات ممتاز صحافی ادیب مصنف دانشور اور روزنامہ جنگ کی سندھ ڈیسک کے انچارج جناب محمد اسلام نے سندھ کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم سندھ یونین آف جرنلسٹس رجسٹرڈ کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ انہوں نے ایس یو جے کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا آپ لوگ سرکاری و غیر سرکاری فنڈنگ کے بغیر صحافی برادری کی جو خدمت کر رہے ہیں وہ قابل داد و تحسین ہے۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی جناب رانا مشتاق احمد نے کہا پاکستان کی صحافی برادری پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں آئے ہوئے موجودہ معاشی بحران سے شدید متاثر ہوئی ہے اور ان کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اس کے باوجود وہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو کما حقہ نبھا ر ہے اس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا پاکستان کے صحافیوں نے ہر دور میں مشکل اور کٹھن حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور قلم کی آبرو کو برقرار رکھا ہے۔ رانا مشتاق احمد نے سندھ یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری راجپوت برادری دانے درمے قدمے سخنے آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایس یو جے کے نومنتخب صدر ارشاد ایم خان نے اپنے خطاب میں تقریب میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم موجودہ مشکل ترین حالات میں صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑ رہے اور ان کی ہر طرح سے خدمت کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جنرل سیکرٹری محمد شہزاد بٹ نے کہا سندھ یونین آف جرنلسٹس کی پوری تاریخ صحافی برادری کی خدمت سے بھری ہوئی ہے اور ہم آئندہ بھی اسی طرح خدمت کرتے رہیں گے۔ حلف برداری کی تقریب کے سے ابنِ آدم ڈاکٹر شجاع صغیر خان، ایوب کاوش اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ مہمانِ خصوصی رانا مشتاق احمد کی طرف سے تمام نومنتخب عہدیداروں کو اجرکیں پیش کی گئیں۔ تقریب کے صدر جناب محمد اسلام نے آخر میں نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ اس شاندار اور پر وقار تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کی کھانے سے تواضح بھی کی گئی۔