نجکاری کے خلاف تحریک چلائیں گے‘ لطیف نظامانی

124

 

قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ملک گیر، منظم اور بھرپور احتجاج پر تمام محکمہ بجلی کے ملازمین اور سماجی، سیاسی اور صارفین بجلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آپ کے اتحاد کی طاقت سے ہم نجکاری کے خلاف جاری جدوجہد میں کامرانی سے سرخرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (CBA) کے مرکزی صدر اور صوبائی چیئرمین عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدر آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان، محمد حنیف خان، ریحان اقبال قائمخانی، رائو سعید احمد، عبدالواحید پٹھان، ہاشم علی و دیگر بھی موجود تھے۔ عبداللطیف نظامانی نے اجلاس میں مزید کہا کہ حکومت نجکاری کے بجائے سستی بجلی کے لیے بند قومی پاور ہائوسز کو چلائے تا کہ نہ صرف جاری لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو بلکہ عوام کو سستی بجلی مہیا ہو۔ حکومت آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خرید کر عوام کو دے رہی ہے جو عوام کی دسترس سے باہر اور ویسے بھی عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے محنت کشوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے اندر اتحاد اور بھائی چارگی رکھیں اور کسی مزدور دشمن عناصر کی سازش میں آنے کے بجائے اپنی طاقت کو ایک پلیٹ فارم پر متحیط رکھیں کیونکہ نجکاری کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمیں ابھی کئی منازل کو طے کرنا ہے۔