واٹر بورڈ‘ مرحوم ملازمین کے اہلخانہ سے رہائش خالی نہ کرانیکا فیصلہ

248

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کیلیے سرکاری رہائش کی سہولت ملازمین کی مقرر شدہ ریٹائرمنٹ کی مدت تک وسیع کر دیا ہے، اس فیصلے سے ریٹائرمنٹ سے قبل انتقال کر جانے والے ملازمین کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، عوامی حلقوں نے بھی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اس فیصلے کی تعریف کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کے ڈبلو ایس بی کہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز وقار ہاشمی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردی اہے، نوٹیفیکیشن کے حوالے سے ڈی ایم ڈی وقار ہاشمی نے جسارت کو بتایا کہ مرحوم ملازمین کے بچوں اور بیوہ سے اس وقت تک ان کو الاٹ کی گئی سرکاری رہائش واپس نہ لینے کا فیصلہ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کی ذاتی دلچسپی اور ان کی جانب سے صوبائی حکومت کو بھیجی گئی سمری پر صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ناصر شاہ نے کیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک کے تمام سرکاری اداروں میں سرکاری رہائش گاہ کی سہولت ملازمین کی ریٹائرمنٹ تک ہوتی ہے جبکہ ریٹائرمنٹ سے قبل انتقال کی صورت میں بھی سرکاری رہائش خالی کرا لی جاتی ہے۔ اس طرح کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ملک کا وہ واحد سرکاری ادارہ بن گیا ہے جہاں کسی بھی ملازم کے انتقال کے باوجود اس کے اہل خانہ سے سرکاری رہائش خالی نہیں کرائی جائے گی اور مرحوم ملازمین کے اہلخانہ سرکاری رہائش اس وقت تک اپنے پاس رکھ سکیں گے جب تک مذکورہ ملازم کی ریٹائرمنٹ کی مدت پوری نہ ہوجائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کسی بھی ملازم کے ریٹائر ہونے پر سرکاری مکان لینے کے خواہشمند ملازمین سوئم سے قبل ہی مرحوم ملازم کی سرکاری رہائش گاہ کو اپنے نام الاٹ کرا لیا کرتے تھے جس کی وجہ سے ملازمین کے اہل خانہ کو اپنے پیارے کے انتقال کے بعد فوری دوسرا صدمہ مکان سے بے دخل کیے جانے کا بھی برداشت کرنا پڑتا تھا۔