پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ملاقات

618

پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے چیئرمین عابد شمعون چاند اور سی ای او اوورسیز انمول میڈیا گروپ، صدر گلف زون انٹرنیشنل، جرنلسٹ کونسل آف پاکستان زاہد شریف نے عالمی مبلغ اسلام پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ریاض میں خصوصی ملاقات کی۔ اس دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ ہمیں قرآن و حدیث اور سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روشنی کشید کر کے انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں ایسا نکھار پیدا کرنا ہوگا جس سے ثابت ہو کہ ہم واقعتاً آقائے دوجہاں کے ادنیٰ غلام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے ممالک اور معاشروں نے خود کو پیارے نبیؐ کی سیرت کےمطابق ڈھالتے ہوئے فلاحی ریاست کے تصور کو حقیقت بنایا جب کہ اگر ہم آج بھی اپنی زندگیوں کو قرآن و حدیث کے ساتھ ہم آہنگ کرلیں تو ہماری زندگیوں میں بھی خوبصورت انقلاب آ سکتا ہے۔
عابد شمعون چاند نے کہا کہ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کو اللہ تعالی نے صحیح معنوں میں دین کی سمجھ فرمائی ہے، جس کی روشنی سے ہماری معاشرتی اور دینی زندگیوں میں خوبصورتی پیدا ہونی چاہیے۔ زاہد شریف نے کہا کہ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی دین اسلام کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی سرپرستی میں دین اسلام کی جو ترویج ہو رہی ہے، وہ نا قابل فراموش ہے۔ ملاقات کے آخر میں زاہد شریف اور عابد شمعون چاند نے سعودی عرب میں ادارہ المصطفیٰ انٹرنیشنل کے لیے خصوصی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان و سعودی عرب سمیت عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا کی۔