وزیراعظم نے 14ویں سائوتھ ایشین گیمز کی منظوری دیدی

478

کراچی (سید وزیر علی قادری)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں 14ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تحریری طور پر اجازت دیدی،وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اجازت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے وزارت خارجہ اور داخلہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اقدامات کیلیے خطوط بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ تحریری اجازت نامہ کے ساتھ ویزا، سیکورٹی سمیت دیگر اقدامات کی درخواست کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سائوتھ ایشین گیمز لاہور یا اسلام آباد میں کرایا جاسکتا ہے ۔وہ جلد لاہور کا دورہ کرکے انفراسٹرکچر کا جائزہ لیں گی۔ ایک اندازے کے مطابق سائوتھ ایشین گیمز میں 5ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرلیفٹیننٹ جنرل(ر)سیدعارف حسن نے بتایا کہ سائوتھ ایشین گیمز پاکستان کے 5شہروں اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالا، سیالکوٹ اورفیصل آباد میں کرائے جائیں گے۔ان گیمز میں 27 کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔