لاہور: کھوکھر پیلس میں آپریشن، 13دکانیں و جھونپڑیاں مسمار

373

لاہور (صباح نیوز) ضلعی انتظامیہ نے جوہر ٹائون میں واقع کھوکھر پیلس میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 13 دکانیں اورمتعدد جھونپڑیاں مسمار کر دیں۔ لیگی رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے آپریشن کو سیاسی انتقام قرار دیدیا، پنجاب حکومت نے لیگی رکن اسمبلی کے دعوے کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے جوہر ٹائون میں واقع کھوکھر پیلس میںغیرقانونی تعمیرات مسمار کردیں، محکمہ مال نے مبینہ طور پر سرکاری اراضی پر قبضے کی رپورٹ جاری کر دی جس میں بتایا گیا کہ ملک سیف الملوک کھوکھر نے پنجاب لینڈ کمیشن کی جگہ پر قبضہ کیا۔ موضع نیاز بیگ میں 177کنال 10 مرلے کا قطعہ موجود ہے،اس قطعہ اراضی میں 131 کنال اراضی سیف الملوک کھوکھر کی ملکیت ہے باقی ماندہ اراضی پنجاب لینڈ کمیشن کی ملکیت ہے۔ لیگی رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کا دعویٰ ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم امتناع موجود ہے، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میںمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کیخلاف میرٹ پر آپریشن کیا جارہا ہے اور سرکاری اراضی پرقبضہ کرنے والوں کیخلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔