اپوزیشن کی منفی سیاست سے ملک کو نقصان ہورہاہے، عثمان بزدار

235

لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی۔پاکستان کو ذاتی ایجنڈے کی خاطر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ اپوزیشن کی انتشار کی سیاست سے نقصان ملک کو ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اپوزیشن نے ڈھائی برس میں ملک و قوم کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک اور معیار ی منصوبے ہماری حکومت کاطرہ امتیازہے۔ حکومت کے دامن پر اسکینڈل کا کوئی داغ نہیں۔ہمارا ڈھائی برس کا مختصر دور سابق ادوار کی 3 دہائیوں کے مقابلے میں شفاف ترین ہے۔سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا اسکینڈل سامنے آتا تھا اورعوام آج بھی کرپشن کی داستانوں کو نہیں بھولے۔ سابق حکمران وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا۔ہم نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے۔قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔ہماری حکومت کے منصوبے معیار اور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔