نیشنل اسٹیڈیم: کراچی ٹریفک پولیس کا ترمیم شدہ ٹریفک پلان جاری

380

کراچی ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ہونے والے ٹیسٹ میچ کے پیش نظر ترمیم شدہ ٹریفک پلان جاری کردیا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور بھی تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پانچوں روز نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھلی رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا گیا تھا جس میں ترمیم کی گئی ہے جبکہ جاری ہونے والے حالیہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا اور اس سلسلے میں خصوصی ترمیم شدہ ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کے لیے بند رہے گی جبکہ تمام ٹریفک یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے منزل کی طرف جا سکے گی۔

واضح رہے نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور بھی تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا اور کارساز سے اسٹیڈیم چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہےگا لیکن پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ڈالمیا روڈ ملینیم سگنل والا راستہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہےگا لیکن پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن یو- ٹرن جو راستہ اسٹیڈیم روڈ جارہا ہے  چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے سہراب گوٹھ سے نیپا ، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر ، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ ، کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ  ٹریفک پولیس اعلامیے میں کہا گیا کہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا میں روڈ پر کھڑی نہ کریں ورنہ مشین کے ذریعے اٹھا لی جائے گی۔

ڈی آئی جی کراچی ٹریفک اقبال دارا نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پلان کے مطابق راستہ اختیار کریں۔

یاد رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4 سے 8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔