پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرینگے، آصف زرداری

581

لاہور: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے یہ واضح کیا کہ پی ڈی ایم متحد ہے، اپوزیشن جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے، حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں، حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، یہ لوگ نہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ کورونا کی صورتحال میں عوام کی مدد کر سکے۔

سابق صدر نے کہا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125 فیصد تنخواہیں بڑھائیں اور سرکاری ملازمین کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے ہیں۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گر چکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور نااہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔