انکوائری کے دوران ملزم کے اکائونٹس منجمد کرنا خلاف قانون ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ

408

 

اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کے دوران انکوائری ملزم کا اکاؤنٹ منجمد کرنا خلاف قانون قرار دے دیا، انکوائری پر دفعہ23 کے تحت ملزم کا بینک اکاؤنٹ منجمد کرنا خلاف قانون ہے، اثاثے منجمد کرنے ہوں تو دفعہ 12 کے تحت آرڈر کرے، تحقیقاتی ایجنسی کی تاخیر پر شہری کو اکاؤنٹ سے رقم نکالنے سے کیسے روکا جاسکتا ہے؟ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدرسندھ بینک بلال شیخ کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے اپنے فیصلے میں بلاول شیخ کوبینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی
اجازت دے دی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب انکوائریوں کے دوران ملزمان کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے پر بڑا فیصلہ دیا کہ نیب کی جانب سے انکوائری کرنے پر دفعہ 23کے تحت ملزم کا بینک اکاؤنٹ منجمد کرنا خلاف قانون ہے، نیب نے انکوائری پر اثاثے منجمد کرنے ہوں تو دفعہ 12کے تحت آرڈر کرے،قانون کے مطابق نیب کو چاہیے کہ انکوائری اور تحقیقات کا عمل جلد مکمل کرے۔سالوں تک محض الزام پر ملزم کے اکاؤنٹس کو منجمد رکھنابنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ تفتیشی ایجنسی کی تاخیر کے باعث شہری کو اکاؤنٹ سے رقم نکالنے سے کیسے روکا جاسکتا ہے؟ گناہ گار کو سزا دینا ریاست کا کام ہے، لیکن شہری کو اپنی رقم استعمال کرنے کا حق دینا بھی ریاست کی ذمے داری ہے۔ اس سے قبل29 ستمبر2020 کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق پرمشتمل ڈویژن بنچ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر نیب نے بلال شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی مخالفت کی جس پر عدالت نے کہاکہ اس سے پہلے بھی عدالت ایک اور کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری دے چکی ہے۔درخواست گزاروکیل مرزا محمود نے کہا کہ بلال شیخ نیب تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں،سمجھ نہیں آتا نیب ہر وقت سر پر تلوار کیوں لٹکائے رکھنا چاہتا ہے،بلال شیخ کی عمر زیادہ ہے،نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، عدالت اپنے فیصلوں میں نیب کی کارکردگی پر سوالات اٹھا چکی ہے۔