آئین سے نا بلد وزیر اعظم اور کابینہ غیر سنجیدہ ہے ، پیپلز پارٹی

398

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم کراچی سمیت سندھ بھر کی ترقی کے خواہ ہیں تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آئین سے نابلد وزیراعظم اور ان کے وزرااس میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی نے کہا کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے جس بدتمیزی کا مظاہرہ کیا گیا اس کے تمام لوگ گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود اس اجلاس میں موجود تھا اور وہاں کوئی گالم گلوچ نہیں ہوئی البتہ علی زیدی کا جو رویہ اور انداز وزیر اعلیٰ
سندھ کے لیے تھا وہ انتہاہی نامناسب تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس یا اس کے بعد بھی ان کی بدتمیزی کا کوئی جواب نہیں دیا البتہ انہوں نے اسد عمر جو کہ اس اجلاس میں موجود تھے ان سے ناصرف شکایت کی بلکہ ان سے کہا کہ میں وزیر اعظم کو بھی خط لکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ یا کسی بھی کابینہ کے وزیر کی جانب سے 16 جنوری کے بعد آج تک اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے جو خفیہ خط وزیر اعظم کو اس حوالے سے لکھا تھا اس کا بھی ہمیں کوئی علم نہیں تھا، یہ ایک خفیہ خط تھا اور یہ وزیر اعظم کو لکھا گیا تھا ، جس کو ایک وزیر نے نہ صرف لیک کیا بلکہ اسے میڈیا پر بھی دیا، جو کہ ان کی نالائقی اور نااہلی کو ثابت کرتا ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ میرے نزدیک اس جیسے شخص کو اس کمیٹی تو کیا کابینہ کا بھی رکن نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم جن کو یہ خفیہ خط لکھا گیا ان سے ضرور مطالبہ کریں گے کہ کس طرح ان کا خفیہ خط نہ صرف لیک کیا گیا بلکہ اسے میڈیا پر بھی دیا گیا۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج بھی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے لوگ اس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور آج بھی متحدہ قومی موومنٹ کے2بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والے سلیم بندھانی اور ان کے ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔