نیب نے مولانا فضل الرحمان کے داماد کے بعد بھائی کو بھی طلب کرلیا

328

 

پشاور(خبر ایجنسیاں )نیب نے مولانا فضل الرحمان کے داماد کے بعد بھائی کو بھی طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیب نے فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو 26جنوری کو طلب کرلیا۔واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاالرحمان پر کمشنریٹ افغان مہاجرین میں غیرقانونی بھرتیوں اورکرپشن کے الزامات ہیں، اور نیب ذرائع کے مطابق ضیا الرحمان کو مشینری کی خریداری میں غبن،
غیرقانونی تعیناتی، پروموشن اورآمدن سے زیادہ اثاثہ جات کے الزامات پر جواب کیلیے طلب کیا گیا ہے۔نیب خیبرپختونخوا کے اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کو سال2007 میں غیر قانونی طورپرپروونشل مینجمنٹ سروس میں شامل کیاگیا۔اس کے علاوہ نیب نے سابق چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور، سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ صاحب جان اور سابق سیکرٹری گورنر احمد حنیف اورکزئی کو بھی طلب کیا ہے جب کہ ان تمام افراد کو 27 اور 28 جنوری کو پشاور دفتر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے مولانافضل الرحمان کے خلاف دو انکوائریاں شروع کررکھی ہیں جب کہ گزشتہ روز ان کے داماد فیض علی کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا جنہیں 28 جنوری کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔