براڈ شیٹ میں جن کے ہاتھ کالے ہوئے ان کے منہ بھی کالے ہونگے ، اعظم سواتی

219

 

 

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے چیئرمین نیب سے کہا ہے جس افسر نے چوری یا کرپشن کی اسے پھانسی لگائیں۔ براڈ شیٹ میں جن کے ہاتھ کالے ہوئے وہ سامنے آئیں گے اور ان کے منہ بھی کالے ہوں گے ۔ نئے بزنس ماڈل کے ذریعے ریلوے کو پائوں پر کھڑا کرینگے،فریٹ
آمدن ہدف کو 19سے 36ارب تک لیکر جارہا ہوں۔ہم سے 100 دن کا حساب مانگا لیکن 30 سال تباہی مچانے والوں سے نہیں پوچھا گیا ۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فریٹ آمدن کے ہدف کو 19ارب سے 36ارب تک لے کر جارہا ہوں ، ا سکول او رہسپتال چلانا میرا کام نہیں ہے جہاں نقصان ہوگا اسے آئوٹ سورس کیا جائے گا ، تاخیر کی وجہ سے ایک روز کا 60ہزار ڈالر کا نقصان ہورہا ہے ، سگنلز منصوبے میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے بارے میںریفرنسزکو جلد نمٹانے کیلیے چیئرمین نیب سے ملاقات کی اور انہوں نے ایک ہفتے میں اسے نمٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے ، ہم سے 100 روز کا حساب تو لیا جاتا ہے لیکن جنہوں نے تین سے چار دہائیوں میں معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ان سے نہیں پوچھا جاتا ،اپوزیشن جب اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو مٹھائی تقسیم کروں گا، براڈ شیٹ میں جن کے ہاتھ کالے ہوئے وہ سامنے آئیں گے اور انکے منہ بھی کالے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ اگر عمران خان تنقید برداشت کررہاہے تو میں بھی تنقید برداشت کروں گا، ریلوے کو ٹھیک کرنا ہے تو بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نہ بیان کیاجائے، اگر ہم نے ریلوے کو درست کرنا تو اسے بزنس ماڈل سے ہی دوبارہ کھڑا کیا جا سکتا ہے ،اگر میں اپنی ذات کے لیے امریکا میں کامیاب بزنس کر سکتا ہوں تو ریلوے کو بھی اسی طرز پر چلائوں گا۔پریس کانفرنس کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ اگراپوزیشن اسلام آباد آئی تو منہ کی کھائے گی، اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلیے سیاست،جمہوریت اور پارلیمنٹ کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن اسے بری شکست ہوگی۔