بائیڈن کا داخلی سطح پر دہشت گردی کی تحقیقات کا حکم

311
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی داخلی سطح پر تفتیش سے متعلق آگاہ کررہی ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے خفیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ داخلی سطح پر دہشت گردی کے امکانات کی تفتیش کی جائے۔ امریکی پارلیمان کی عمارت پر حملے کے تناظر میں اس تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بتایا کہ داخلی دہشت گردی کے امکانات کے حوالے سے شروع کی گئی تفتیش کی سربراہی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کریں گے۔ ساکی نے یہ بھی بتایا کہ تفتیش میں دیگر اداروں میں ایف بی آئی اور محکمہ داخلی سلامتی بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ تمام ادارے تفتیشی عمل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ جین ساکی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو صدر جو بائیڈن نے واضح ہدایت کی ہے کہ داخلی دہشت گردی کے حوالے سے حقائق پر مبنی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ مرتب کی جائے، تا کہ ملک میں امن و سلامتی کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جائے۔ اس تفتیش کو رواں برس 6جنوری کو کیپٹل ہل میں واقع امریکی کانگریس کی عمارت پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے دھاوا بولنے کے بعد کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور رپبلکن ارکان کے مابین طے پانے والے معاہدے کے تحت سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے مؤاخذے کی سماعت آیندہ ماہ شروع ہوگی۔