روس: اپوزیشن رہنما کے حق میں مظاہرہ‘ 100گرفتار

366
ماسکو: صدر ولادیمیر پیوٹن کے شدید ناقد اور حزبِ اختلاف کے معروف رہنما الیکسی ناولنی کے حامی سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں‘ پولیس مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ گرفتار کرکے لے جارہی ہے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس میں حزب اختلاف کے رہنما کے حق میں ہزاروں افراد دارالحکومت ماسکو کی سڑکوں پر نکل آئے اور الیکسی ناولنی کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس نے احتجاجی ریلیوں سے پہلے ہی مختلف شہروں سے تقریباً 100 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ مقامی حکام کی جانب سے دارالحکومت میں احتجاج کے پیش نظر پولیس اہل کاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور اپوزیشن رہنماؤں کے سڑکوں پر نکلتے ہی پولیس نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مخالف الیکسی ناولنی کے حامیوں کو حراست میں لینا شروع کردیا۔روسی وزارت داخلہ کے مطابق احتجاجی ریلی میں کم از کم 4 ہزار افراد شریک ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکسی ناولنی کو 5 ماہ بعد وطن واپسی پر ائرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ناولنی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے رہنما کی رہائی تک روس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ روسی میڈیا کے مطابق 10 شہروں میں جاری احتجاج کے دوران مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔