ثقلین مشتاق نے مفید مشورے دیے،ساجد خان

431

کراچی(اسٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے آف اسپنر ساجد خان جو حال ہی میں ختم ہونے والی قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 67 وکٹیں لینے والے بولر بنے، نے لیجنڈری آف اسپنر اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر (این ایچ پی سی) میں ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق کے مشورے کے بارے میں بات کی۔ کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے جاری ٹریننگ کیمپ میں ساجد خان جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان کی 20 رکنی ٹیم میں شامل 9 نئے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے انڈر 16 دنوں سے ثقلین مشتاق بھائی کی ویڈیوز دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے مجھے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں جس طرح بولنگ کرتا ہوں اسی طرح بولنگ کرتا رہوں اور اچھی لائن اور لینتھ برقرار رکھوں۔انہوں نے مجھ سے بلے باز کی کمزوری کو دیکھنے اور اس کے مطابق بولنگ کرنے کو بھی کہا ،انہوں نے مجھے کچھ دوسری چیزیں بھی بتائیں جو میں نے پہلے ہی اپنی بولنگ میں شامل کی ہیں جس سے مجھے اور زیادہ سکون ہوا ہے اور ثقلین بھائی کی تحریک دینے والی گفتگو سننے کے بعد مجھے اچھا لگا۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ کراچی میں 26 جنوری سے شروع ہوگا اور اس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 4 فروری سے راولپنڈی میں ہوگا۔