دہشت گردوں کو دستی بم فراہم کرنے والے ملزم سمیت 9 افراد گرفتار

193

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے ضلع ملیر سے کالعدم قوم پرست جماعت کے دہشت گردوں کے سہولت کا ر’’را‘‘ کے ایجنٹ سمیت 9ملزمان کو گرفتار کرلیا ،ملزم نے 5اگست2020ء کوچکراگوٹھ اور ناصر کالونی حملے میں دہشت گردوں کو دستی بم فراہم کرنے کا اعتراف کیا،تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹیل ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاعات پرسومارجوکھیوگوٹھ کے قریب کارروائی کے دوران کالعدم قوم پرست جماعت کے دہشت گردوں کا سہولت کارگرفتار کرکے ملزم سے دستی بم اوراسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔دوران تفتیش ملزم نے 5اگست کوچکرا گوٹھ اور ناصرکالونی حملے میں گرنیڈفراہم کرنے کااعتراف کرتے ہوئے بتایا دہشت گرد امام بخش عرف ادو نے ناصر کالونی میں اسٹیٹ ایجنسی کودستی بم سے نشانہ بنایا، 5اگست کو ہونیوالے کریکر حملے میں 3شہری زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتارسہولت کارعلی رضاجتوئی نے جائے وقوع کی تصاویراور وڈیوزبھی لیں تصاویرکو سندھوریولوشنری آرمی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے ذمے داری قبول کی۔پولیس کے مطابق ملزم نے دہشت گرد امام بخش کو مختلف اوقات میں دستی بم فراہم کرنے کااعتراف بھی کیا ۔ملزم کی نشاندہی پردیگرملزمان کی گرفتا ری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ملزم علی رضا نے پوچھ گچھ کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا جس کو تفتیشی حکام کے حوالے کر کے اس سے برآمد اسلحہ فارنزک کیلیے بھجوادیاگیا، گلشن حدید میں ڈکیتی ظاہر کر کے کمپنی کی 17لاکھ سے زائد رقم گھر لے جانے شخص کو پولیس نے گرفتا ر کرلیا ۔ایس ایس پی ملیر ملک سنگھار کے مطابق گلشن حدید کے آفس میں کام کرنے والے پرتاب نے 15 پر فون کرکے پولیس کو 17 لاکھ 50 ہزار کی ڈکیتی کی اطلاع دی۔اس نے کمپنی انتظامیہ کو بتایا کہ 5 سے 6 ملزمان کیش چھین کر فرار ہوگئے، ملزمان نے صرف کمپنی کا کیش چھینا جبکہ اس کے ذاتی6 لاکھ بچ گئے۔پولیس کو دوران تفتیش ڈکیتی کے شواہد نہیں ملے، پولیس نے شک اور پرتاب کے متضاد بیانات کی بنیاد پر اس کے گھر کی تلاشی لی تو وہاں سے آفس کی لوٹی کی گئی رقم برآمد ہوگئی ملزم کیخلاف کمپنی کے مالک اظہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے، پاکستان بازار پولیس نے خفیہ اطلاع پر غوثیہ بلوچ میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی،ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان سے 3چھینی ہوئی موٹرسائیکلیں اور موبائل فونوں سمیت دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔