کچرااٹھانے پرمافیازکے درمیان بھی جھگڑاہونے لگا

140

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کئی دہائیوں سے مختلف مافیاز کے چنگل میں رہا، اب نئی مافیا نے بھی کراچی میں پنجے گاڑنے شروع کردیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کچرا اٹھانے پر بھی جھگڑے ہونے لگے، کچرا مافیاز نے اپنے اپنے علاقے بنارکھے ہیں، جس کے باعث کوئی دوسرا عملہ اس علاقے سے کچرا نہیں اٹھاسکتا۔اسی طرح کا واقعہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے اختر کالونی یوسی ون میں پیش آیا، جہاں کچرا اٹھانے والے گروہ نے لوکل کنٹریکٹر کے عملے پر صفائی کے دوران دھاوا بول دیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایاواقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔واقعے سے متعلق پولیس حکام نے بتایاکہ کمپنی کا عملہ علاقے میں کچرا اٹھانے پہنچا تھا، جہاں پہلے سے موجود چند افراد نے انھیں کچرا اٹھانے سے منع کیا، جس پر جھگڑا ہوگیا۔پولیس کے مطابق لوکل کنٹریکٹر سے قبل علاقے کا کچرا افغان شہری اٹھاتے تھے، چند روز سے ان کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔