ترکی اور پاکستان کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے: اردوان

535

ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی میدان میں مشترکہ استعدادی قوت رکھتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی ایک جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں۔

پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس جہاز کی ویلڈنگ کی تقریب استنبول کے نیول شپ یارڈ ترکی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی سفیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ترک صدر اور پاکستانی سفیر نے بلاک ویلڈنگ کر کے جہاز کی تعمیر کا آغاز کیا۔ ترک صدر نے پاکستان اور ترکی کے تعلقات کا ذکر کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی ایک جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں۔ اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان شاندار تعلقات ہیں۔ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر پاک ترک مضبوط تعلقات میں اہم شنگ میل ہے۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ملجم کلاس جہاز جدید سطح آب، زیر آب اور اینٹی ایئر ہتھیاروں سے لیس ہوں گے۔ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت چار میں سے دو جہاز کراچی شپ یارڈ میں تیار ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق اسٹیلتھ ٹیکنالوجی والے 2 جناح کلاس جہازوں کے ڈیزائن کی تیاری بھی اس میں شامل ہے۔