ملک میں روسی ویکسین کی بھی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت

519

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت پاکستان نے روسی ویکسین اسپوٹنک کی بھی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق روسی ویکسین اسپوٹنک کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے۔ ویکسین منگوانے کی اجازت اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی 3 ویکسین کو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ روسی ویکسین کورونا وبا کے خلاف 92 فیصد موثر ہے۔ روسی ویکسین کی پہلی کھیپ رواں مہینے کے آکر میں پاکستان پہنچ جائے گی۔

پچاس ہزار خوراک پر مشتمل پہلی کھیپ اسی مہینے پاکستان پہنچ جائے گی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین کو درجہ حرارت منفی 18 ڈگری پر اسٹور کرنا لازمی ہوگا۔ روسی ویکسین بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں دگنی قیمت پر مہیا کیے جانے کا خدشہ ہے۔