براڈ شیٹ معاملے میں جو بھی ملوث ہو اسے پھکی ملنی چاہیے، شیخ رشید

630

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہناہے کہ اتحادیوں کے ساتھ معاملات اچھے  ہیں، سینیٹ الیکشن میں حکومت کو کوئی مشکل نہیں، سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کی ایک سیٹ میں اضافہ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا سینیٹ الیکشن میں حصہ لینا خوش آئندہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،حکومت کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں،کشمیر کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مثالی کردار ہے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ براڈ شیٹ معاملے میں جو بھی ملوث ہو اسے پھکی ملنی چاہیے،براڈ شیٹ معاملے پر شفاف تحقیقات ہونگی، براڈ شیٹ کا معاملہ پانامہ 2بننے جارہاہے، اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے بے نقاب ہونے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہباز شریف نے ڈالر جمع کرائے لیکن پھر واپس لے لیے،شہباز شریف کا کیس سنجید ہ ہے،الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیا،الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں زیادہ تر مدرسے کے بچے تھے،ایسے احتجاج پر حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے تمام جماعتوں کو جواب دینا ہوگا،مولانا فضل الرحمن   پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پیچھے لگے ہیں،مدارس کے طلبا نے اسلحہ اٹھایا تو فضل الرحمن مشرف کے ساتھ تھے۔