چین 5لاکھ کورونا ویکسین خوراکیں فراہم کرے گا، وزیر خارجہ

703

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی کا کہنا ہے کہ چین 31جنوری تک 5لاکھ کورونا ویکسین خوراکیں فراہم کرے گا، طویل عرصے بعد ہم درست سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر خارجہ نےکہا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو این آر او نہیں ملے گا، پی ڈی ایم کو اپنی منزل کا پتہ نہیں کہ کس طرف جانا ہے؟پہلے استعفے ، پھر لانگ مارچ اور اب تحریک عدم اعتماد کی باتیں عجیب ہیں، مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے،ان کی اصلیت عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے،عوامی مینڈیٹ والی حکومت گرانے کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجزکا سامنا ہے،ماضی میں وزیر خارجہ نہ ہونے سے ملک سفارتی محاذ پر کمزور ہوا،دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا مقدمہ لڑ رہےہیں،نومنتخب امریکی قیادت سے روابط استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔