“فارن فنڈنگ: اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں ہوگی”

287

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فارن فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے  معاملے پر کہا ہے کہ کھلی سماعت سے متعلق اپنا مؤقف پہلے ہی جاری کرچکے ہیں تاہم اسکروٹنی کمیٹی اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں ہوگی لیکن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سماعت کھلی عدالت میں ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا سب سے بڑا دشمن تھا جس کی وجہ سے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہیے، فارن فنڈنگ کیس میں خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہ کہتا، سابق الیکشن کمشنر اپوزیشن کا لگایا ہوا تھا اور وہ پی ٹی آئی کا سب سے بڑا دشمن تھا، وہ پی ٹی آئی کے خلاف گیم کررہے تھے اس لیے کیس میں تاخیرہوئی، پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس بدنیتی پرمبنی ہے۔