حیدرآباد:سیوریج کا پانی مسجد میں داخل ہونے پر شہری مشتعل

222

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)دوران نماز مسجد میں سیوریج کا پانی جمع ہونے سے شہریو ں کو نماز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا، مکینوںنے متعلقہ اداروںکے سربراہان کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ڈی اے ،میونسپل کارپوریشن ،واسا،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی نا اہلی اورمجرمانہ غفلت کے باعث سٹی کے مرکزگاڑی کھاتہ میں واقع قدیم جامع اورنگزیب مسجد میں نمازجمعہ کی ادائیگی کے وقت سیوریج کا پانی مسجد میں داخل ہوگیا،جس کے باعث نمازیوں نے شدید بدبواورتعفن میں نماز جمعہ اداکی ۔ تمام صورتحال پر متعلقہ تمام اداروں سمیت ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ،میونسپل کارپوریشن کے افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اورنہ ہی کسی افسرنے صورتحال کا نوٹس لینے یا موقع پر پہنچ کر نکاسی آب کی کوشش کی ،اسٹیشن روڈپرکئی ماہ سے روزانہ دوپہرسے رات گئے تک سیوریج کا پانی بہنا اورگٹر ابلنا معمول بن گیاہے مگر اب صورتحال مزید گھمبیر ہوکر گاڑی کھاتہ تک سیوریج کا پانی بہہ رہا ہے،دوسری طرف جامع اورنگزیب مسجد میں سیوریج کا پانی داخل ہونے پرعلاقہ مکینوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔ انہوں نے مسجد کی بے حرمتی اور سرکاری کام میں ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ،میونسپل کارپوریشن،ایچ ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ تمام اداروں کے سربراہان کے خلاف عدالت کے ذریعے ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیاہے۔