پنگریو، گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اورپریشر میں کمی

124

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو اور گردونواح میں گیس کی بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اورپریشر میں کمی کاسلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدیدمشکلات اورپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ گیس کی فراہمی کے اوقات میں بھی پریشرانتہائی کم کردیا جاتا ہے گیس کی بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث صارفین ایل پی جی سلنڈر خریدنے اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے ہیں، اس غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے۔ اس حوالے سے صارفین محمد رمضان، ندیم علی، امجد حسین، اکبر علی اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام پنگریو اور ضلع بدین کے دیگر شہروں، قصبوں اور دیہات کے صارفین سے سوئی سدرن گیس کمپنی بدین کے دفتر کے سامنے دیے جانے والے دھرنے کا انتقام لے رہے ہیں اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرکے صارفین کو مزید اشتعال دلا رہے ہیں۔ صارفین نے وفاقی وزیر گیس وپیٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ پنگریو اور گردونواح کے شہروں، قصبوں اور دیہات میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں مصنوعی کمی کا نوٹس اور متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جائے۔