بدین، محکمہ ہائی ویز کے معذور ملازم کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

143

بدین (نمائندہ جسارت) محکمہ ہائی ویز میں کام کرنے والے معذور شخص کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج، دو سال سے ڈیوٹی کررہا ہوں، تنخواہیں تا حال ادا نہیں کیں، یکم فروری تک تنخواہ نہ ملی تو ٹریژری آفس کے سامنے خودکشی کروں گا، حبیب اللہ کھوسہ۔ بدین کے قصبے کڈھن شہر کے وسط قائم بستی ولہاری کے مکین محکمہ ہائی ویز میں معذور افراد کے کے کوٹا میں بھرتی ہونے والے ملازم حبیب اللہ کھوسہ نے میڈیا کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت دور کا فاصلہ طے کر کے بدین میں ڈیوٹی پر آتا ہوں لیکن تنخواہ سے محروم ہو گیا ہوں مسلسل تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے فاقہ کشی والی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں لاکھوں روپے کا مقروض ہوچکا ہوں گھر میں موجود سودا سلف فروخت کر کے بچوں کا پیٹ پال رہا تھا اب گھر میں کھانا کھانے کی اشیاء بھی ختم ہوچکی ہیں، میں کچے مکان میں زندگی بسر کررہا تھا لیکن وہ مکان بارشوں کے دوران منہدم ہونے سے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، ڈپٹی کمشنر، انجینئر محکمہ ہائی ویز سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے یکم فروری سے تنخواہ ادا نہ کی گئی تو ٹریژری آفس کے سامنے خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔