کراچی ٹیسٹ ،جنوبی افریقا کا قرنطینہ ختم،آج پریکٹس کرے گی

696

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز میں محض 3روز باقی ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت مقامی انتظامیہ، سیکورٹی ایجینسز سمیت تمام اداروں نے اپنی اپنی پوزیشنز سنبھال لیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کرینگی جبکہ دوسرے روز قومی ٹیم نے بھرپور نیٹ پریکٹس اور فٹنیس سیشن میں اپنی کمزوریاں دور کیں۔ ٹیم کو ہیڈ کوچ مصباح ، بولنگ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ یونس خان اور اسپنرز کو ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل رہیں۔ اس موقع پر محمد یوسف بھی موجود تھے۔پاکستان کرکٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر تابش خان کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں بہت کرکٹ کھیلی، لیکن قومی ٹیم کی شرٹ پہن کر ٹریننگ کرتے وقت جو ان کے جذبات تھے انہیں بیان نہیں کر سکتا۔تابش خان نے بتایا کہ جب چھوٹے تھے تو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ انکلوژر میں بیٹھ کر دیکھا تھا اور آج میں خود قومی ٹیم کا حصہ ہوں۔فاسٹ بولرتابش خان کاکہنا تھا کہ نئی گیند سے پریکٹس کی ہے، سب نے کافی ہمت بڑھائی ہے۔تابش خان نے کہا کہ ٹیم کے کوچ مصباح الحق، وقار یونس اور محمد یوسف بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔دریں اثنا پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کی تیاریوں کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے،اطراف کی سڑکیں کنٹینر سے بند کرکے ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہیں، مسلسل 3دن سے سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہری سخت پریشانی اور اذیت کا شکار رہے، اہلیان کراچی کو مزید ایک ہفتہ اس خفت کا سامنا رہے گا۔