ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 6 جاں بحق

138

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہونے والے مختلف حادثات وواقعات میں 6افراد جاں بحق جب کہ 3زخمی ہوگئے ،جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں8سالہ بچہ، سیکورٹی گارڈ اور ایک خاتون بھی شامل ہے ،تفصیلات کے مطابق نیو کراچی نمبر 5 چڑھائی کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی زد میں 50سالہ وسیم ولد محمد حسین شدید زخمی ہو گیا،حب میں نظر چورنگی کے قریب ایک کمپنی میںکام کرتے ہوئے کرین سے گرنے کے باعث 30 سالہ مزدور ندیم ولد آصف موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،نیو کراچی کے ایوب گوٹھ میں8سالہ بچہ عامر ولد دل دارخان ندی کے کنارے کھیلتے ہوئے اس میں گر کر ڈوب گیا، اہل محلہ نے اپنی مد دکے تحت لاش ندی سے نکال لی،بنارس پل کے نیچے سے ایک 32سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی،پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش اسپتال منتقل کردی،پولیس کے مطابق لاش پر کسی قسم کے زخم کا کوئی نشان نہیں ہے نہ ہی اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد ہوسکی جس سے اس کی شناخت ہوسکے،پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی۔ شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 17/B ذکریہ چوک کے قریب سے 32سالہ عباس ولد نور محمد کی لاش برآمد ہوئی۔ ملیر کینٹ بازار کے قریب ایک گھر سے 80 سالہ شکور ولد نور محمد کی لاش برآمد ہوئی ۔ ناردرن بائی پاس چیپل گارڈن کے قریب 22 سالہ سیکورٹی گارڈ ریاض ولد غلام رسول اپنی ہی پستول سے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے زخمی ہوگیا۔