عظمت سعید سے شفاف ‘غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں‘ن لیگ

218

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ پیٹرول بم کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بے حسی اور عوام دشمن سوچ کا عکاس ہے۔جسٹس (ر)عظمت سعید کا براڈ شیٹ‘ نیب معاہدے میں اہم کردار رہا ہے۔ان سے شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں۔اپنے مشترکہ بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے 22 کروڑ عوام پر بجلی گرادی ہے۔ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔ براڈ شیٹ کے معاملے پر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کے تقرر کو مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ جسٹس (ر) عظمت سعید کا براڈ شیٹ ‘نیب معاہدے میں اہم کردار رہا ہے۔شوکت خانم اسپتال بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں۔ان کی تقرری مفادات کا ٹکراؤ ہے۔پاناما کیس، جے آئی ٹی کی تشکیل میں ان کا کردار مشکوک اور متنازع رہا ہے۔ ان سے شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں۔اپوزیشن کو بدنام کرنے کی بد نیتی اور مذموم سازش ہے۔ان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تقرری مسترد کرتے ہیںاورشفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیںتاکہ قوم کے 7ارب ڈبونے کے ذمے داران کو بے نقاب کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ عدالت عظمیٰ اورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز براڈ شیٹ اسکینڈل کی شفاف و غیر جانبدارانہ کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپورآئینی و قانونی کردار ادا کریں۔