ترکی میں ضعیف العمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع

274

ترکی میں ہیلتھ ورکرز اور طبی عملے کو کورونا ویکسین لگانے کے بعد ضعیف العمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ 

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین سے کورونا ویکسین ترکی پہنچنے پر دس لاکھ ہیلتھ ورکرز کو پہلے مرحلے میں ویکسین لگانے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں ضعیف العمر افراد کو گھروں میں ویکسین لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ترکی میں اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسنیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور جن افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے ان کو اگلی خوراک 28 روز کے بعد دوبارہ دی جائے گی جبکہ ترک صدررجب طیب اردوان، نائب صدر فواد اوکتے اور وزیر صحت فرحتین کوجا نے بھی چین کی سینوویک ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔

یاد رہے کہ ترکی نے چین سے ویکسین کی خریداری کا جو معاہدہ کیا تھا اس کی پہلی کھیپ 30 دسمبر کو انقرہ پہنچی تھی اور مزید ویکسین رواں ماہ چین سے پہنچ جائے گی۔

خیال رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار 640 ہوگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 24 لاکھ 12 ہزار 505 تک جاپہنچی ہے اور کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 22 لاکھ 90 ہزار 32 ہوگئی ہے۔