براڈشیٹ تحقیقات کیلئے بنائی کمیٹی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، سراج الحق

346

کراچی: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ براڈشیٹ سکینڈل کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر عوام مطمئن نہیں، سپریم کورٹ تحقیقات کروائے، حکمران داخلی اور خارجی محاذوں پر ناکام ہو گئے، عوام کو جھوٹے وعدوں اور دعوؤں پر ٹرخایا جارہا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں اسلامی نظام کا قیام شامل نہیں ہے ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روز جماعت اسلامی علاقہ گجرو کی جانب سے معززین علاقہ کے اعزاز میں استقبالیے سے بحیثیت مہمان خصوصی اور جامع مسجد عمر قاسم آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق کو حاجی طور خان نے روایتی پگڑی پہنا ئی جب کہ عبد الستار برفت نے اجرک کا تحفہ پیش کیا۔قبل ازیں سراج الحق کا ڈیرے پر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پر جوش نعرے لگائے گئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کے خلاف ظالم و کرپٹ اشرفیہ، جاگیرداروں اور وڈیروں نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ان کی اپنی جیبیں اور تجوریاں تو بھری ہوئی ہیں لیکن انہوں نے عوام کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور جہالت کا تحفے دیئے، حکومت نے الیکٹرسٹی ٹیرف میں 15 فیصد اضافہ کر کے کروڑوں صارفین کے گھروں پر بجلی گرادی۔

انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات پر سرتسلیم خم کیا ہے، ملک میں بجلی، گیس اور پیٹرول نایاب چیزیں بن گئیں، بجلی گھروں میں آتی نہیں قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے ذہنوں پر گرا دی جاتی ہے، کراچی کی روشنیوں کو واپس لانے کے دعویداروں نے شہری مسائل میں مزید اضافہ کیا، چوکوں چوراہوں میں کچرے کے ڈھیر لگے پڑے ہیں، لاکھوں لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں، پورٹ سٹی کے لیے ڈویلپمنٹ پیکیج کا 11 سو ارب صرف لفظی جادوگری تک محدود رہا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران عوام کے لیے وبالِ جان بن چکے ہیں اورانھوں نے استعمار کی وفاداری میں تمام حدیں پھلانگ دی ہیں، ملک کو مکمل طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دے دیا گیا ہے، عالمی طاقتوں کے اشاروں پر خارجہ اور داخلہ پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں، موجودہ حکمران بھی وہی کچھ کر رہے ہیں جو ماضی کے حکمرانوں کا وطیرہ تھا، عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے پی ٹی آئی نے اپنا آدھا دور حکومت گزر جانے کے باوجود ایک قدم نہیں اٹھایا، لنگرخانوں کی تعمیر پر زور ہے جب کہ عوامی فلاح کا ایک بڑا منصوبہ بھی متعارف نہیں کرایا گیا، پی ٹی آئی نے جولائی سے دسمبر تک تقریباً چھ ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

انھوں نے وزیراعظم کو ایک دفعہ پھر وہ وعدہ یاد دلایا جب وہ یہ دعوے کرتے تھے کہ کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے اور اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کو خودداری اور استحکام کی منزل کی جانب لے کر جائیں گے، لیکن کرسی اقتدار پر براجمان ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے ہر فیلڈ میں نااہلی کے ریکارڈ قائم کیے۔

انھوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران دو سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا اس کے ساتھ ساتھ ہر ماہ عوام پر پیٹرول بم گرایا جاتا ہے، گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں اور رہی سہی کسر حکومت نے بجلی کی قیمت میں دو روپے فی یونٹ اضافہ کر کے نکال دی، ملکی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ براڈ شیٹ سکینڈل نے موجودہ، سابقہ حکمرانوں اور ملٹری ڈکٹیٹر کو مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا ہے، قوم حساب چاہتی ہے جس کے لیے سپریم کورٹ کو ایکشن لینا چاہیے، انھوں نے کہا کہ تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، وزیراعظم کے احتساب کے وعدوں اور دعوؤں کی حقیقت پہلے ہی قوم کے سامنے آچکی ہے، لوگوں کو مزید دھوکے میں نہیں رکھا جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح کشمیر کے عوام سے دھوکا کیا اور مودی حکومت سے سازباز کے ذریعے کشمیر کا سودا کردیا گیا، عالمی طاقتوں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر شرمناک کردار ادا کیا جب کہ او آئی سی نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے ظلم و جبر سے آزادی حاصل کرے گا، جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔